تل ابیب : حماس اور اسرائیلی فوج کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے دوران 4 اسرائیلی فوجی مارے گئے ، اس بات کی تصدیق اسرائیلی حکام نے خود کردی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمالی غزہ کے ایک علاقے میں سڑک کے کنارے نصب بم دھماکے کے نتیجے میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے، بیت حنون میں ہونے والے دھماکےمیں 5 اسرائیلی فوجی بھی زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی دفاعی فورسز (آئی ڈی ایف) نے اہلکاروں کے مارے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ فوجیوں کو حماس کی جانب سے دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا گیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں بھی دیگر فوجی ہلاک اور زخمی بھی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجی گاڑی گزرنے کے دوران سڑک پر زور دار بم دھماکا ہوا تھا۔ اقوام متحدہ کے صحت کے ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوجی جوابی کارروائی میں 46,537 افراد ہلاک ہوئے، جن میں اکثریت عام شہریوں کی ہے۔
واضح رہے کہ غزہ جنگ کے آغاز 7 اکتوبر 2023سے اب تک مج،وعی طور پر 835اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں، حماس سے جنگ میں ساڑھے5ہزار سے زائد اسرائیلی فوجی زخمی ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے فوجیوں کی عمریں 19 سے 37 سال کے درمیان ہیں جبکہ زخمی ہونے والے 2 فوجیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ دسمبر میں القسام بریگیڈز نے شمالی غزہ میں کم از کم 5 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
اس حوالے سے حماس کے عسکری ونگ کا کہنا تھا کہ اس کے جنگجو غزہ کی پٹی کے شمال میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوجی چوکی پر حملہ کرنے کے لیے "پیچیدہ آپریشن” کو انجام دینے میں کامیاب ہوگئے۔
ترجمان القسام بریگیڈز نے دعویٰ کیا تھا کہ فلسطینی جنگجوؤں نے پوائنٹ صفر سے پانچ فوجیوں کو ختم کر دیا اور عملے کے اندر موجود اسرائیلی مرکاوا ٹینک کو جلانے کے لیے آگے بڑھے۔