کراچی: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کی ہدایت پر 4 رکنی پارٹی وفد کراچی پہنچ گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ن لیگ کے مرکزی عہدیداروں کا 4 رکنی وفد 2 روزہ تنظیمی دورے پر کراچی پہنچ گیا ہے، شاہد خاقان عباسی اور سیکریٹری جنرل احسن اقبال وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ مصدق ملک اور پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب بھی وفد میں شامل ہیں۔
کراچی پہنچنے کے بعد وفد نے مزار قائد پر حاضری دی، وفد صوبہ سندھ اور کراچی کے عہدے داروں کے حوالے سے مشاورت کرے گا، مقامی سطح پر اہم فیصلے کیے جائیں گے، اور نئے عہدے داروں، پارٹی کے نظریاتی کارکنوں کو عہدے دینے کے اعلانات کیے جائیں گے۔ ن لیگی رہنما آج شام ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد بھی جائیں گے۔
مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم پاکستان میں قربتیں بڑھنے لگیں
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی پہنچنے کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ آج کسی کو احسا س نہیں کہ عوام مہنگائی چکی میں پس رہے ہیں، حکومت اس پر کوئی جواب نہیں دے پائی ہے، ہم اقتدار کے بھوکے نہیں ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ عوام فیصلہ کرے ملک میں حکومت کیسے ہوگی۔
انھوں نے کہا کہ آج کسی بھی ایک شخص نے ہماری جماعت نہیں چھوڑی بلکہ لوگ شامل ہونا چاہتے ہیں، پاکستان کی ترقی کا راستہ فری اینڈ فیئر الیکشن ہے، ملک میں جمہوریت نہیں آمریت ہے، ہمیں تشویش ہے آج کے معاشی حالات کل ملک کے لیے خطرہ ہو سکتے ہیں، آیندہ الیکشن مسلم لیگ ن جیت کر رہے گی۔