شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں چار دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا موثر کارروائی کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں میں انتہائی مطلوب ابراہیم عرف موسیٰ بھی شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران ہتھیار، گولیاں اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گرد میں جھڑپ ہوئی تھی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا تھا، سپاہی عبداللہ اور سپاہی سہیل بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے تھے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا تھا کہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔