کراچی میں ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے منشیات اسمگلر کو گرفتار کر کے 5 من ہیروئن برآمد کر لی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے کورنگی صنعتی علاقہ میں ویٹا چورنگی کے قریب منشیات کے اسمگلر یاسر کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 5 میں (200 کلو گرام) ہیروئن برآمد کر لی ہے۔
انسداد منشیات ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ملزم ہیروئن کو شہد کے ڈبوں کے خفیہ خانوں میں چھپا کر بیرون ملک اسمگل کر رہا ہے۔ ملزم نے دوران تفتیش آسٹریلیا، دبئی اور نیوزی لینڈ منشیات کی کئی کھیپ بھیجنے کا بھی انکشاف کیا۔
نارکوٹکس حکام کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق منشیات فروشوں کے بین الاقوامی گروہ سے ہے۔ 8 ماہ قبل اس کے باپ کو بھی ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔
نارکوٹکس حکام نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے گروہ کے دیگر کارندوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔