لاہور: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کو صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں مزید پناہ گاہوں کے قیام سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم کو صوبے میں مزید پناہ گاہوں کے قیام سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ لاہور میں 5 پناہ گاہوں کے قیام پر کام جاری ہے۔
وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 3 پناہ گاہیں اپریل میں جب کہ 2 مئی کے مہینے میں پایہ تکمیل کو پہنچ جائیں گی۔
کمشنر لاہور نے بریفنگ میں کہا کہ ان پناہ گاہوں کی نگرانی مخیر حضرات پر مشتمل گورننگ بورڈ کرے گا۔ بریفنگ کے دوران تجویز دی گئی کہ مخیر حضرات پر مشتمل گورننگ بورڈ کی جانب سے پناہ گاہ میں قیام و طعام میں تعاون بھی کیا جا سکتا ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہوں میں اضافہ کیا جائے، اور پناہ گاہوں کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا ہر ضلع میں سڑکوں پر سونے والے افراد کیلئے پناہ گاہیں بنانے کا فیصلہ
یاد رہے کہ رواں سال کے شروع میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا تھا کہ ہر ضلع میں سڑکوں پر سونے والوں کے لیے پناہ گاہیں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیراعظم عمران خان ہمہ وقت معاشرے کے عام طبقے کی فلاح اور بھلائی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
گزشتہ سال نومبر میں وزیرِ اعظم عمران خان نے لاہور میں شیلٹر ہوم منصونے کا سنگ بنیاد رکھا تھا، میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ شیلٹر ہوم آسمان تلے رات بسر کرنے والے افراد کے لیے بنایا جا رہا ہے، یہ اقدام فلاحی ریاست کی جانب سے پہلا قدم ہے جو اٹھایا گیا۔