کراچی: شہر قائد کے علاقے ملیر سے چند روز قبل اغوا ہونے والی بچی کو پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بازیاب کروالیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 30 ستمبر کو اغوا ہونے والی 5 سالہ بچی زینب کو بازیاب کروالیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کے اغوا میں ملوث ملزمان باپ بیٹے کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ بچی کے اغوا میں خاتون کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔
پولیس کے مطابق چار دن کے دوران ملزمان نے بازیاب بچی کے گھر والوں سے کسی بھی قسم کا تاوان نہیں مانگا، شبہ ہے ملزمان نے ذاتی رنجش کی بنا پر بچی کو اغوا کیا۔ اس سلسلے میں پولیس پیر کو ملزمان کو عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ حاصل کرے گی بعدازاں تفتیش کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔
واضح رہے کہ 30 ستمبر کو ملیر کے علاقے مسلم آباد کی رہائشی 5 سالہ بچی زینب کو اغوا کرلیا گیا تھا، زینب کے اغوا کا مقدمہ قائد آباد تھانے میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کروایا گیا تھا۔
اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بچی کی والدہ کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی کھیلنے کے لیے گھر سے نکلی تھی، پانچ بجے شام کا وقت تھا، اس کے بعد وہ واپس نہیں آئی، نہ ہی اس کا کوئی پتا چل سکا ہے۔
بچی کے والد نے بتایا تھا کہ ان کی بیٹی کی تلاش کے لیے پولیس کارروائی جاری ہے لیکن بچی کا کوئی پتا نہیں چل سکا ہے، ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔