کراچی : 53 کروڑ سے زائد کے بینک فراڈ کیس میں اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر عاطف خان کی ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی مقامی عدالت میں اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر عاطف خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی
مقامی عدالت نے درخواست ضمانت فیصلہ محفوظ کرلیا اور کہا فیصلہ 10مئی کو سنایا جائے گا۔
گذشتہ سماعت میں اداکارہ نادیہ حسین عدالت میں پیش ہوئی تھیں ، سماعت کے دوران ملزم کے وکیل مکیش کمار نے عدالت کو بتایا تھا کہ عاطف خان بیماری میں مبتلا ہے جن دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے انکا اطلاق نہیں ہوتا ہے اور ملزم کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد نہیں ہیں۔
مکیش کمار کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کو دو پرائیویٹ فریقین کے درمیان تنازعے کی انکوائری کا اختیار نہیں ہے، اس کیس میں زیادہ سے زیادہ سزا ایک دن بنتی ہے۔
جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر مدعی مقدمہ اور ایف آئی اے پراسکیوٹر سے دلائل طلب کرلیے تھے۔
مزید پڑھیں : اداکارہ نادیہ حسین نے شوہر کے اکاؤنٹ سے منتقل رقم سے متعلق کیا بتایا؟
یاد رہے فراڈ کی رقم کی بینیفشری اداکارہ نادیہ حسین نے ایف آئی اے کے سامنے شوہر کے اکاؤنٹ سے منتقل فنڈز کے ذرائع سے متعلق لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی دھوکا دہی سرگرمی میں راز دار نہیں۔
اداکارہ نے بیان میں کہا تھا کہ حلفیہ کہتی ہوں فنڈز کے ذرائع کے بارے میں کبھی علم نہیں تھا، فنڈز ذرائع کے سلسلے میں کبھی کوئی سوال نہیں کیا، میاں بیوی کے طور پر ہم ایک دوسرے پر بھروسہ کرتے ہیں۔
نادیہ نے بتایا تھا کہ عاطف خان نے میرا کاروبار قائم کرنےمیں میری مدد کی، کسی دھوکا دہی سرگرمی میں راز دار نہیں جس میں شوہر ملوث ہوسکتا تھا اور نہ ہی میں کسی فراڈ کا حصہ تھی۔