اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پہلی بار مغرب میں بھی اسرائیل کے خلاف آواز اٹھ رہی ہے، ایک دن آئے گا جب فلسطینیوں کو اپنا ملک ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یوم یکجہتی فلسطین پر خصوصی پیغام میں کہا کہ پاکستان نے ہر فورم پر فلسطینیوں کی حمایت کی، فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرنے پر سب کو سلام پیش کرتا ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ اسرائیلی پولیس نے رمضان میں فلسطینیوں پر تشد کیا، نہتے فلسطینیوں پر ظلم کیا گیا، اسرائیلی بربریت سے درجنوں فلسطینی شہید ہوئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ میں نمایوں پر فائرنگ کی، فلسطینیوں سے بہت ناانصافی ہورہی ہے، پاکستان فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کے سربراہان سے فلسطین کے مسئلے پر رابطہ کیا، شاہ محمود قریشی نے مسئلہ فلسطین بھرپور طریقے سے اٹھایا، ماضی میں مغربی میڈیا اسرائیل کے خلاف نہیں بولتا تھا اب مغربی میڈیا میں بھی اسرائیل پر تنقید ہوئی جو خوش آئند ہے۔
عمران خان نے مسلم ممالک کے سربراہان سے فلسطینیوں کی مدد کے لیے روابط کیے، سعودی فرمانروا شاہ سلمان، ترک صدر اردوان، مہاتیر محمد اور فلسطینی صدر سے بھی گفتگو کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل کا ساتھ دینے والے اب فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کی بھی بات کررہے ہیں، لگتا ہے دنیا کا مؤقف اب مسئلہ فلسطین پر تبدیل ہورہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے قائد کے وژن کے مطابق فلسطین کے ساتھ ہے، فلسطینیوں کو ان کے حقوق ضرور ملیں گے۔