کراچی کے علاقے ماڑی پور روڈ پر ایس او پیز کی خلاف ورزی کی کوریج کرنے پر ہوٹل ملازمین نے اے آر وائی نیوز کی ٹیم کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ماڑی پور روڈ پر سپر شنواری ہوٹل کی جانب سے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں جاری تھیں، اے آر وائی نیوز کی ٹیم خلاف ورزی کی کوریج کرنے پہنچی تو ہوٹل ملازمین نے ٹیم کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
ہوٹل ملازمین نے تشدد کے ساتھ ٹیم سے کیمرا بھی چھین لیا، رپورٹر اور کیمرا مین کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ایس ایس پی سٹی سرفراز نواز کا کہنا کہ ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے 6 ہوٹل ملازمین کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملازمین کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اکبر ریاض نے اے آر وائی نیوز کی ٹیم پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی سٹی کو فوری کارروائی کی ہدایت کردی۔
خیال رہے کہ سندھ حکومت نے کراچی میں بڑھتے ہوئے کرونا کیسز کے پیش نظر شہر بھر میں 25 مئی سے سخت لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا ہے۔