حب: انٹرپول کی وارننگ کے باوجود بلوچستان کے ساحل گڈانی کے شپ یارڈ پر انتہائی مضرِ صحت کیمیکل سے بھرے بحری جہاز کو دھوکا دہی سے لنگر انداز کردیا گیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق انٹرپول نے انتہائی مضرِ صحت کیمیکل سے لدے جہاز سے متعلق پاکستانی حکام کو 22 اپریل کو آگاہ کیا تھا۔
انٹرپول نے بتایا تھا کہ مذکورہ جہاز کو بھارت اور بنگلادیش میں لنگر انداز ہونے کی اجازت نہیں دی گئی، جس کے بعد اپریل کے آخری ہفتے میں اس کا نام تبدیل کر کے رخ بلوچستان کے ساحلی علاقے کی طرف موڑا گیا۔
کپتان نے تیس اپریل کو جہاز گڈانی پہنچا کر لنگر انداز کیا۔ بلوچستان کی ماحولیاتی تحفظ کی ایجنسی نے جہاز پر کام روک دیا اور کیمیکل کے نمونے حاصل کر کے انہیں ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھیج دیا۔
ای پی اےبلوچستان ذرائع کے مطابق متعلقہ حکام کو جہاز کو این او سی جاری کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔