کراچی: کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی اسٹاک ایکسچینج میں تیزی پر کاروبار کا اختتام ہوا جبکہ ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اسٹاک مارکیٹ رواں سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں، ساڑھے چار سال بعد 100 انڈیکس 48 ہزار کی سطح عبور کر گیا۔
اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس میں 258 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد 100 انڈیکس 48191 پر بند ہوا۔
حصص بازار میں آج 1 ارب 39 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 30 ارب 48 کروڑ روپے رہی۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 48 ارب روپے اضافے سے 8316 ارب روپے ہے۔
دوسری جانب انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 14 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 154 روپے 54 پیسے پر بند ہوا۔
اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 20 پیسے مہنگا ہوکر 155.30روپے کا ہوگیا۔