موروکو: مراکش میں وزارت صحت کے حکام نے دو خوراکیں لینے والوں کے لیے ای ویکسین پاسپورٹ جاری کرنے کا عندیہ دے دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق مراکشی حکام کا کہنا ہے کہ ای ویکسین پاسپورٹ کو ویکسین لگوانے والوں کے حوالے سے محفوظ، مسلمہ سرکاری دستاویز شمار کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق کسی بھی ملک کے ایسے شہری جو عالمی ادارہ صحت کے یہاں رجسٹرڈ ویکسین میں سے کسی ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں انہیں یہ ای ویکسین پاسپورٹ جاری ہوگا۔
مراکشی حکام کا کہنا ہے کہ ای ویکسین پاسپورٹ ہولڈرز کو مراکش کے تمام علاقوں میں ادنیٰ پابندی اور ہوٹل قرنطینہ کی پابندی کے بغیر گھومنے پھرنے کی اجازت ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ سہولت سعودی شہریوں اور جی سی سی ممالک کے تمام شہریوں کے لیے بھی ہوگی۔
مراکشی حکام کا کہنا ہے کہ ای ویکسین پاسپورٹ کیو آر کوڈ سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے، اس حوالے سے خصوصی ایپ جاری کی گئی ہے، ای پاسپورٹ مراکش کے کسی ایئرپورٹ پر پرنٹ کرکے پیش کیا جاسکتا ہے اور اسمارٹ فون سے بھی دکھایا جاسکتا ہے۔