اسلام آباد: پاکستان نے لاہور دھماکے میں بھارت کے ملوث ہونے کے انکار کو مسترد کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں، ماضی میں بھی بھارت کی پاکستان میں دہشت گردی کی نشاندہی کرتے رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ شک نہیں کہ پاکستان میں دہشت گردی میں سرحد پار ایجنسیاں ملوث ہیں، کلبھوشن بھارتی ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کے خلاف دہشت گردی معاونت پر اقدامات کرے، پاکستان ریاستی دہشت گردی کا شکار رہا ہے، پاکستان کا دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کا دنیا اعتراف کرتی ہے۔
یہ پڑھیں: لاہور دھماکا؛ ملزمان کی وائس کال ریکارڈنگ منظرعام پر
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا بھارت کو بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کی پابندیوں اور انسداد دہشت گردی سے متعلق بین الاقوامی سطح پر بنائے قوانین کی خلاف ورزی مرتکب بنادیتا ہے۔
پاکستان نے کہا کہ یہ عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کو انصاف کے کٹہرے میں لائے اور پاکستان کے خلاف دہشت گردی میں ملوث بھارت کے شہریوں کے خلاف عملی اقدامات کرے۔
یاد رہے کہ 23 جون کو لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہوگئے تھے۔