اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں لڑکی اور لڑکے کو ہراساں کرنے کے کیس میں مزید اہم انکشافات سامنے آگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ملزمان کی جانب سے متاثرہ لڑکی کو ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کرکے لاکھوں روپے بٹورنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق عثمان مرزا گینگ نے متاثرہ لڑکی کو بلیک میل کرکے 13 لاکھ روپے وصول کیے، گینگ کے کارندے متاثرہ لڑکی سے الگ الگ بھتہ وصول کرتے رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے مقدمے میں بلیک میلنگ، بھتہ لینے کی دفعات شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پولیس افسران کا مقدمے میں مزید دفعات کے لیے وزارت قانون سے رابطہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے آئی جی اسلام آباد کو ہر پہلو سے تشدد کیس کی تفتیش آگے بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد میں جوڑے پر تشدد: وزیراعظم کی ہر پہلو سے کیس کی تفتیش آگے بڑھانے کی ہدایت
آئی جی اسلام آباد نے وزیراعظم کو کیس میں گرفتار ملزمان سے متعلق سمیت متاثرہ لڑکی اور لڑکے کے بیانات ،ملاقات کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا تھا۔
یاد رہے اسلام آباد تشدد کیس میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ متاثرہ جوڑے نے شادی کرلی، شادی کی تصدیق بیانات ریکارڈ کرانے کے دوران ہوئی۔
گذشتہ روز اسلام آباد ای الیون لڑکا اور لڑکی کو برہنہ اور تشدد کیس وفاقی پولیس نے متاثرہ لڑکے اور لڑکی نے بیانات ریکارڈ کئے تھے، بیانات 161کے تحت بیانات ریکارڈ کئے گئے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ دونوں متاثرین کے بیانات کو تفتیش کا حصہ بنا دیا گیا، متاثرین مکمل تحفظ اور قانونی امداد کی یقین دہانی پر راضی ہوئے، کیس میں ملوث مزید افراد کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہے۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر اسلام آباد کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی ، جس میں لڑکا اور لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، ویڈیو وائرل ہونے پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے نوٹس لیا تھا۔