بہاولنگر: پنجاب کے شہر حافظ آباد میں قاری کے بہیمانہ تشدد سے ایک طالب علم جاں بحق ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق حافظ آباد میں سبق یاد نہ کرنے پر قاری نے دو طالب علموں کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک طالب علم جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مدرسے کی انتظامیہ کی جانب سے معاملے کو چھپانے کی کوشش کی گئی اور طالب علم کی موت کو اتفاقی حادثہ قرار دے کر تدفین کرادی گئی۔
ذرائع کے مطابق مقتول کے چھوٹے بھائی نے واقعے کی حقیقت گھر والوں کو بتائی، ورثا کو بچے پر تشدد کا علم ہونے پر ملزمان فرار ہوگئے۔
ایف آئی آر کے اندراج میں والد نے بتایا کہ میرا دوسرا بیٹا بھی استاد کے مبینہ تشدد سے زخمی ہوا۔
والد نے موقف اختیار کیا کہ زخمی بیٹے ہی نے ہمیں بتایا کہ ہم دونوں بھائیوں پر تشدد کیا گیا، جس سے بھائی جان کی بازی ہار گیا۔
پولیس نے تشدد کرنے والے قاری اور مدرسے کی انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔