جڑانوالہ: پنجاب کے شہر جڑانوالہ میں وکیل کے لباس میں ملبوس ملزم نے کمرہ عدالت میں فائرنگ کرکے زیر حراست 2 ملزمان کو قتل کردیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں وکیل کے لباس میں ملبوس ملزم نے کمرہ عدالت میں فائرنگ کرکے قتل کیس کے 2 زیر حراست ملزمان کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق ملزم شاہد اور اسرار الحق کو ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں پیش کیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وکیل کے لباس میں پہلے سے موجود ملزم نے اچانک پستول نکال کر فائرنگ شروع کردی، گولیاں لگنے سے شاہد موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ اسرار اسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عدالت میں موجود پولیس اہلکاروں اور وکیلوں نے ملزم کو قابو کرکے اسلحہ چھین لیا، ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ملزم عدالت میں اسلحہ لے کر کیسے پہنچا، غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔