اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

ویرات کوہلی کی کپتانی سے استعفیٰ دینے کی وجہ سامنے آگئی

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی ورلڈ کپ کے بعد ٹی 20 کی قیادت سے دستبردار ہونے کی وجہ سامنے آگئی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ویرات کوہلی کی ورلڈ کپ کے بعد ٹی 20 کپتانی چھوڑنے کے اعلان کے بعد ڈریسنگ روم سے خبریں آنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ویرات کوہلی کو کئی کھلاڑیوں کی حمایت حاصل نہیں تھی، کوہلی نے سلیکٹرز کو تجویز پیش کی تھی کہ وہ روہت شرما کو نائب کپتانی سے ہٹا دیں اور کے ایل راہول کو نائب کپتانی سونپی جائے۔

ویرات کوہلی چاہتے تھے کہ مختصر فارمیٹ میں ٹی 20 کی کپتانی رشبھ پنٹ نبھائیں لیکن بورڈ نے ان کی تجویز ماننے سے انکار کردیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ویرات کوہلی سے جونیئر کھلاڑیوں کو بھی شکایت تھی کہ وہ مشکل وقت میں انہیں منجدھار میں چھوڑ دیتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ویرات کوہلی کا اچانک ٹی 20 کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان

سابق کھلاڑی کا کہنا تھا کہ مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی میں کھلاڑیوں کے لیے ان کا دروازہ ہمیشہ کھلا رہتا تھا، کھلاڑی ان کے پاس جاکر کرکٹ کے بارے میں بات کرسکتا تھا۔

بھارتی ٹیم کے سابق کھلاڑی کے مطابق میدان سے باہر ویرات کوہلی سے رابطہ کرپانا کھلاڑیوں کے لیے مشکل ہوتا ہے لیکن روہت شرما میں دھونی کی جھلک نظر آتی ہے وہ جونیئر کھلاڑیوں کو کھانے پر لے جاتے ہیں اور جب وہ مایوس ہوتے ہیں تو ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ ویرات کوہلی گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ وہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد مختصر فارمیٹ کی کپتانی سے دستبردار ہوجائیں گے اور بطور کھلاڑی ٹیم کے لیے دستیاب ہوں گے، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کوہلی کی جگہ روہت شرما کو ٹی 20 کا کپتان بنائے جانے کا قومی امکان ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں