کراچی: جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے سوشل میڈیا کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنانے کی تجویز پیش کی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق جامعہ کراچی اور گلوبل نیبرہڈ فار میڈیا انوویشنز کے مابین مفاہتمی یادداشت پر ستخط کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
جس میں جامعہ کراچی کی جانب سے شیخ الجامعہ پروفیسرڈاکٹر خالد محمود عراقی جبکہ جی این ایم آئی کی صدر ناجیہ اشعر نے معاہدے پر دستخط کئے۔
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی نے کہا کہ موجودہ دور میں میڈیا کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں مگر سوشل میڈیا کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا معلومات کی فراہمی کا ایک اہم ذریعہ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ضرورت اس امر کی ہے کہ اب جامعات سوشل میڈیا کو بھی اپنے نصاب کا حصہ بنائیں کیونکہ یہ انڈسٹری ترقی کا سفر طے کرتے ہوئے اب کئی ارب ڈالرز تک پہنچ چکی ہے‘۔
معاہدہ کیا ہے؟
معاہدے کے تحت دونوں اداروں کے اشتراک سے جامعہ کراچی میں میڈیا سینٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ جس کی مدد سے جامعہ کے طلبہ کو میڈیا کے ماحول اور تکنیکی پہلو پر آگاہی اور تربیت فراہم کی جائے گی۔
اس اقدام سے معاشرے کے سماجی مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کی کوشش میں مدد ملے گی۔ میڈیا کلب کے قیام کے ساتھ طلبہ اور اساتذہ کو میڈیا ٹولز کے موثر استعمال پر تربیت دی جائے گی جبکہ یونیورسٹی میں 10 سیشن پر محیط تربیتی پروگرام منعقد ہوگا جس میں میڈیا کے شعبے سے تعلق رکھنے والے نامور صحافی طلبہ اور اساتذہ کو تربیت فراہم کریں گے۔