وانا: شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں دو سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں قائم چیک پوسٹ پر مسلح دہشت گردوں نے حملہ کیا۔
چوکی پر تعینات اہلکاروں نے دہشت گردوں کو بھرپور جواب دیا، جس کے بعد دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ کے تبادلے میں دو سیکیورٹی اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا، جن کی شکاخت نائیک رحمان اور لائس نائیک عارف کے ناموں سے ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، مطلوب دہشت گردعارف اللہ عرف داداللہ ہلاک
آئی ایس پی آر کے مطابق نائیک رحمان کا تعلق چترال جبکہ لانس نائیک عارف کا تعلق خیبرپختون خواہ کے ضلع ٹانک سے تھا۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
خیال رہے کہ تیس اکتوبر کو محکمہ انسداد دہشت گردی فورس نے شمالی وزیرستان میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم ٹی ٹی پی کے 2دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔ جن کی شناخت لعل مرجان عرف یاسر اور زر قیوم عرف زڑگے کے ناموں سے ہوئی تھی۔
سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں سے ایس ایم جی، ہینڈگرنیڈ، میگزین اورکارتوس برآمد ہوئے تاہم دیگر دہشت گرد رات کے تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔