جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

ملتان، مسافر وین میں آگ لگنے سے 6 افراد جاں بحق، 24 زخمی

اشتہار

حیرت انگیز

ملتان : ہیڈ محمد والا پر مسافر وین میں آگ لگنے سے 6 افراد جاں بحق اور 24 مسافر زخمی ہوگئے ہیں، ہلاک و زخمی ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہیڈ محمد والا پر مسافر بس وین میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی آگ اتنی شدید تھی کہ وین مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی جس کے باعث 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ 24 افراد زخمی ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے۔

ریسکیو ادارے نے فوری طور پرجائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کاموں کا آغاز کردیا اور بہ مشکل مسافروں کو جلتی ہوئی وین سے باہر نکالا اور فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں 6 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے جب کہ زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافر وین کو اہل خانہ نے بُک کیا تھا جو چوک منڈا سے ملتان آرہی تھی کہ شارٹ سرکٹ لگنے کے باعث حادثے کا شکار ہو گئی افسوسناک حادثے میں جاں بحق و زخمی ہونے والوں میں اکثر ناقابل شناخت ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق افسوسناک حادثے جاں بحق و زخمی ہونیوالوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں زخمیوں میں سے اکثر کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فی الحال امدادی کاموں میں مصروف ہیں جس کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا جائے گا جس سے میڈیا کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ وین کے ڈرائیور کے حوالے سے کوئی اطلاع موصول نہیں ہو سکی ہے کہ آیا وہ بھی حادثے کا شکار ہوگیا ہے یا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں