کراچی کے علاقے کشمیر روڈ پر ڈکیتی مزاحمت پر ماں بہن کے سامنے قتل کیے گئے شاہ رخ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر نے بتایا کہ شاہ رخ قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کافی شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔
ڈی آئی جی نے بتایا کہ شاہ رخ قتل کیس کو جلد حل کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملزم جہاں سے رکشے کے پیچھے لگا اور مقتول کے گھر تک پہنچا اس کا علم ہوگیا ہے، تحقیقات ہر زاویے سے جاری ہیں۔
واضح رہے کہ 13 جنوری کو کراچی کے علاقے کشمیر روڈ پر شاہ رخ نامی نوجوان کو ڈکیتی مزاحمت پر ماں اور بہن کے سامنے قتل کردیا گیا تھا۔
مقتول کی ایک ہفتے قبل ہی شادی ہوئی تھی، شاہ رخ ایک ہفتے قبل دلہا بنا اور ڈاکو نے اسے کفن پہنا دیا، شاہ رخ کو طارق روڈ سے متصل قبرستان میں آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا تھا۔
شاہ رخ کے بھائی نے بتایا تھا کہ فائرنگ سے شاہ رخ زخمی ہوا تو کسی نے اسپتال پہنچانے میں مدد نہیں کی۔
مقتول کے بھائی نے بتایا تھا کہ شاہ رخ کی کسی سے دشمنی نہیں تھی ہنستا کھیلتا میرا بھائی دنیا سے چلا گیا، گارڈ بھی یہاں بیٹھا لیکن تماشہ دیکھتا رہا۔