اوکاڑہ: صوبہ پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں شادی میں جانے والی فیملی خوفناک حادثے کا شکار ہوکر موت کی وادی میں چلی گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق رینالہ خورد کے قریب تیز رفتار بس نے کھڑی کار کو ٹکر دے ماری، جس کے نتیجے میں کار میں آگ لگ گئی اور کار میں سوار افراد جھلس گئے۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق آگ کی شدت اتنی تیز تھی کہ گاڑی میں موجود افراد کو باہر نکلنے کا موقع ہی نہ ملا اور 4 افراد مکمل طور پر جل گئے جبکہ تین کو شدید زخمی حالت میں گاڑی سے باہر نکال کر اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹرز کی جانب سے انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: جھونپڑیوں میں خوفناک آتشزدگی، 5 کمسن بہن بھائی جاں بحق
ریسکیو ٹیموں کے مطابق کار سوار فیملی شادی میں شرکت کے لئے جارہی تھی، جھلس کر جاں بحق ہونے والوں میں باپ اور 3 بچے شامل ہیں۔
گذشتہ روز کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں عزیز بھٹی پارک کے قریب جھونپڑیوں میں آتشزدگی کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ جاں بحق بچوں کی عمریں8سے12سال کےدرمیان ہیں، آگ لگنے کا واقعہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا اورآتشزدگی کے نتیجے میں پانچ جھونپڑیاں جل کر خاکستر ہوئیں۔