اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وقت فیصلہ کرے گا کہ دو دن بعد کس کی حکومت ہوگی۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں دھمکی آمیز مراسلے کی حقیقت سامنے آگئی، یہ لوگ کہتے تھے کہ ایسا کوئی مراسلہ نہیں ہے، ہم نے دعوت دی آجائیں ایسا مراسلہ موجود ہے، شہباز شریف تو ماننے کے لیے ہی تیار نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی کو دعوت دی لیکن وہ پھر بھی نہیں آئے، ان کو دیکھنا چاہیے کہ کیا وہ عالمی سازش کا حصہ بننا چاہتے ہیں، ہمارا کام آگاہ کرنا تھا ہم نے قوم کو آگاہ کردیا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ خالد مگسی کہتے ہیں مراسلہ دیکھنا چاہتے ہیں، کمیٹی کا اجلاس بلایا عین وقت پر اپوزیشن نے آنے سے انکار کردیا۔
مزید پڑھیں: دھمکی دینے والے ملک کو بھرپور جوابی ردعمل دینے کا فیصلہ
وفاقی وزیر نے کہا کہ جان بوجھ کر ایسی حرکت کی جارہی ہے تو مطلب سازش کا حصہ ہیں، ایسے لوگوں کو پاکستان کی سالمیت سے کوئی سروکار نہیں ہے، یہ لوگ صرف اپنے اثاثے بچانے کے لیے حکومت میں آنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ قومی سلامتی کمیٹی نے پاکستان کو دھمکی آمیز خط بھیجنے والے ملک کو بھرپور جوابی ردعمل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان اس ملک کے سفیر اور اس ملک کو بھرپور جوابی پیغام بھیجے گا، کمیٹی نے وزیر اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت کابینہ کمیٹی کے فیصلےکی توثیق کی کہ معاملے کو پارلیمنٹ کی سکیورٹی کمیٹی کے ان کیمرا سیشن میں لانا چاہیے۔