امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری، شہباز شریف، مراد علی شاہ، سکندر سلطان راجہ سن لیں ہمیں کوئی سازش قابل قبول نہیں، آپ کو شہر میں بلدیاتی الیکشن کرانا پڑے گا۔
کارکنوں سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمٰن نے سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شہر پر شب خون مارا جا رہا ہے، تم بھاگو گے ہم پیچھے پیچھے بھاگیں گے لیکن تمہاری سازشوں کو ناکام بنائیں گے، جھوٹ کی سودا گری نہیں چلے گی، تم آرڈیننس لاؤ گے اس کا بھی مقابلہ کریں گے۔
حافط نعیم الرحمٰن نے کہا کہ الیکشن ملتوی کرانے کی غلطی نہ کرنا ورنہ بہت پچھتاؤ گے، سن لو آصف علی زرداری ہمیں مینڈیٹ لینے سے نہیں روک سکتے، کراچی کے مسائل کا حل صرف جماعت اسلامی میں ہے، ہم جمہوری لوگ ہیں اور پُرامن مزاحمت کے قائل ہیں، یہ شہر آگے بڑھے گا تو پاکستان آگے بڑھے گا۔
ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تم نے مہاجروں کو بیچا، تم نے شہر میں رہنے والی تمام قومیتوں کو بیچا، تم تو صرف چند ٹکوں اور نوکریوں کی خاطر بک جاتے ہو، تمہاری کرپشن اور قتل تمہارا پیچھا کر رہے ہیں۔