اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر خزانہ سے امریکی محکمہ خارجہ کے تجارتی اور کاروباری امور کے وفد نے خصوصی نمائندے دلاور سید کی سربراہی میں ملاقات کی جس میں وزیرخزانہ نے وفد کو موجودہ حکومت کو درپیش معاشی چیلنجز سے آگاہ کیا۔
وفد نے قابل تجدید توانائی، ٹیکسٹائل، زرعی شعبے میں سرمایہ کاری میں اپنی دلچسپی ظاہر اور کہا کہ کہ ڈی ایف سی ونڈ پاور پراجیکٹس کے پاور پرچیز ایگریمنٹس پر نظر ثانی کرے گا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اصلاحات کا مقصد جی ڈی پی، سرمایہ کاری، ملکی برآمدات بڑھانا ہے ہم سرمایہ کاری کے لئے مزید سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت آٹو موبائل اور دیگربرآمدات کو بھی فروغ دے رہی ہے اور توانائی، برآمدات، سرمایہ کاری میں اضافے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔