تازہ ترین

پنجاب میں بارش کے باعث 7 افراد جاں بحق

لاہور: پنجاب صوبے میں کرنٹ لگنے اور چھتیں گرنے کے واقعات میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں گزشتہ روز کی بارش بالخصوص لاہور میں بارش نے تباہی مچا دی ہے، دس گھنٹے کی بارش نے لاہور شہر کا حشر نشر کر دیا ہے، کوئی علاقہ ایسا نہیں جہاں پانی جمع نہ ہو۔

291 ملی میٹر بارش کے بعد شہر میں ہر طرف تباہی پھیلی ہوئی ہے، شہر میں بارش نے 30 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے اور پورے شہر کو ڈبو دیا۔

اس دوران صوبے میں کرنٹ لگنے اور چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

پانی میں تیرتی بجلی کی تاریں موت کا سامان بن گئیں، بوستان کالونی میں 25 سال کا عثمان پانی میں کرنٹ آنے سے دم توڑ گیا، نوجوان ڈھائی گھنٹے تک پڑا رہا، کوئی نہ آیا، سرکلر روڈ پر 55 سال کی خاتون اور پاکستان منٹ کی حدود میں 17 سال کا احتشام کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا۔

تیز ہواؤں کے ساتھ بارش نے درخت اور کھمبے بھی اکھاڑ ڈالے، پورے لاہور شہر میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا، گوجرانوالہ میں چھت گرنے سے ماں اور 2 بچیاں جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہو گئے۔

لاہور میں کلمہ چوک، گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، کینال روڈ، لکشمی چوک، نشتر ٹاؤن زیر آب آ گئے، گھروں میں پانی آ گیا، گنگا رام اسپتال کے جنرل وارڈ میں پانی داخل ہوا، قبرستان بھی ڈوب گیا، جوہر ٹاؤن میں دو سو ملی میٹر بارش کے بعد کشتیاں چل گئیں، اور نہر ابلی تو کینال روڈ پر پانی کے ساتھ مچھلیاں بھی آ گئیں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مون سون اسپیل 8 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

Comments

- Advertisement -