حکومت نے ملک بھر میں 7 لاکھ 81 ہزار سمز 83 ہزار واٹس ایپ اکاؤنٹ اور چار ہزار کے قریب اسکائپ آئی ڈیز بلاک کر دی ہیں۔
تاہم یہ اقدام بھارتی حکومت نے اٹھایا ہے اور اس کا مقصد آن لائن فراڈیوں کے خلاف کارروائی ہے۔ بند کی گئی سمز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس آن لائن دھوکا دہی میں استعمال ہو رہے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ بندی سنجے کمار نے لوک سبھا میں ممبران کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت میں آن لائن فراڈ کی روک تھام کے لیے 7 لاکھ 81 ہزار سمز 83 ہزار واٹس ایپ اکاؤنٹ اور چار ہزار کے قریب اسکائپ آئی ڈیز بلاک کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آن لائن فراڈی فرضی سم کارڈ، واٹس ایپ اور اسکائپ جیسے پلیٹ فارمز کا استعمال کرکے سادہ لوح افراد کو لوٹ رہے تھے۔ یہ افراد خود کو بینک، پولیس یا دیگر سرکاری اداروں کا افسر بتا کر سادہ لوح عوام کا پیسہ ہڑپ رہے تھے۔
بھارتی وزیر نے کہا کہ حکومت نے فرضی موبائل ڈیوائسز پر بھی شکنجہ کستے ہوئے 208469 موبائل فون کے آئی ایس ای آئی نمبر بلاک کر دیے ہیں اور جعلسازوں کے فرضی فون بلیک لسٹ میں ڈال دیے گئے ہیں۔
انڈین سائبر کرائم کو آرڈینیشن سینٹر (14 سی) نے 3962 اسکائپ آئی ڈی اور 83668 واٹس ایپ اکاؤنٹ بلاک کیے ہیں۔