جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

سونے سے قبل کی یہ عادات زندگی کو بہتر بنانے میں معاون

اشتہار

حیرت انگیز

نیند زندگی کا ایک جزو لازم ہے۔ دنیا کا کوئی جاندار نیند اور سونے سے مستثنیٰ نہیں اور نہ ہی کوئی نیند کے بغیر زندہ رہ سکتا ہے۔

نیند دراصل ہمارے جسم کو حالت سکون میں لا کر اسے اگلے دن کے لیے چارج کرتی ہے جس کے باعث روز صبح ہم ایک نئی زندگی کا آغاز کر پاتے ہیں۔

جو لوگ نیند سے محروم ہوجائیں یا اپنی نیند پوری نہ کر سکیں وہ بے شمار طبی و نفسیاتی مسائل کا شکار ہوجاتے ہیں۔

- Advertisement -

مزید پڑھیں: صرف آدھے منٹ میں نیند لانے کی تکنیک

لیکن رات سونے سے قبل کچھ عادات اپنانی ضروری ہیں۔ یہ نہ صرف آپ کی نیند کو بہتر بناتی ہیں بلکہ اگلے دن جب آپ اٹھتے ہیں تو آپ کو دن کا ایک عمدہ آغاز کرنے میں مدد دیتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق دنیا کا کم و بیش ہر کامیاب شخص رات سونے سے قبل ان عادات پر عمل کرتا ہے۔ آپ بھی جانیں وہ عادات کیا ہیں۔


اگلے دن کی تیاری

رات سونے سے قبل اپنے دماغ میں ایک فہرست بنائیں کہ اگلے دن آپ کو کیا کیا کام سر انجام دینے ہیں۔ جو لوگ اس عادت پر عمل نہیں کرتے، ان کا اگلا دن بہت بے ترتیب اور الجھا ہوا گزرتا ہے۔

اگلے دن انجام دیے جانے والے کاموں کی فہرست اور ان کے وقت مقررہ کو ذہن میں رکھنے سے آپ اپنے بہت سے کام باآسانی نمٹا لیں گے۔


دن بھر کا جائزہ

رات سونے سے قبل دن بھر کا جائزہ لیں کہ آج آپ نے کیا کیا، کیا۔ اپنی غلطیوں کا جائزہ لیں اور سوچیں کہ انہیں کیسے درست کیا جاسکتا ہے۔ اپنے اچھے کاموں اور دن میں حاصل کی جانے والی کامیابیوں کو سوچیں۔

یہ عمل آپ کو دماغی طور پر پرسکون کردے گا اور آپ اگلے دن کام کرنے کے لیے توانائی حاصل کریں گے۔


ٹیکنالوجی کو کمرے سے باہر رکھیں

رات میں موبائل فون، کمپیوٹر اور ٹی وی کا استعمال آپ کے اس دماغی ردھم میں خلل ڈال دیتا ہے جو دن بھر تھکا ہونے کے بعد سونے کی تیاری کر رہا ہوتا ہے۔

سونے سے چند منٹ قبل ان چیزوں کا استعمال آپ کی نیند کو بے سکون کردے گا۔ بہتر یہی ہے کہ ان چیزوں کو سونے کے مقام سے دور رکھا جائے۔

مزید پڑھیں: نیند کی کمی کے منفی اثرات


ماضی کو مت سوچیں

رات سونے سے قبل ماضی اور اس میں پیش آنے والے واقعات کو یاد کرنا ہرگز دانش مندانہ عادت نہیں۔

اچھی یادیں آپ کی نیند کو اڑا کر آپ میں بے وجہ خوشی پیدا کرے گی جبکہ بری یادیں آپ کو اداس اور مایوس کردیں گی۔

دونوں چیزیں آپ کی نیند کے لیے نقصان دہ ہیں۔


آنے والے کل کی فکر بھی غیر ضروری

جس طرح ماضی کو یاد کرنا ایک غیر ضروری عمل ہے اسی طرح آنے والے کل کے بارے میں پریشان ہونا بھی ایک ایسا عمل ہے جس کا کوئی فائدہ نہیں البتہ یہ آپ کے لیے مضر ہے۔

اپنے حصہ کے کاموں کی فہرست بنانے کے بعد اگلے دن پیش آنے والے حالات کے بارے میں سوچنا چھوڑ دیں اور اسے خدا پر چھوڑ دیں۔


کھانے کا دھیان رکھیں

رات میں اچھی نیند سونے کے لیے ضروری ہے کہ رات کا کھانا ہلکا پھلکا رکھا جائے۔ رات میں مرغن غذاؤں سے پرہیز کیا جائے، اور کھانے اور سونے کے درمیان 3 سے 4 گھنٹے کا وقت رکھیں۔

رات سونے سے قبل 10 منٹ کی چہل قدمی اچھی اور پرسکون نیند لانے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔

اسی طرح اگر آپ رات دیر تک جاگنے کے عادی ہیں تو آدھی رات کو کھانے سے گریز کریں۔

مزید پڑھیں: آدھی رات کو بھوک مٹانے کے لیے کیا کھایا جائے؟


کافی سے پرہیز

شام 7 بجے کے بعد چائے کافی کا استعمال بالکل بند کردیں۔ یہ آپ کی نیند پر منفی اثر ڈال سکتی ہیں۔


روشنیوں کا کم استعمال

سونے سے قبل خواب گاہ کی روشنیاں بالکل دھیمی کردیں۔ یہ آپ کے دماغ کے لیے اشارہ ہوگا کہ اب دن ختم ہوچکا ہے اور وہ آپ کے جسم کو نیند کی حالت میں لے آئے گا۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں