پیر, دسمبر 9, 2024
اشتہار

جیکب آباد: قبائلی جھگڑا خاتون اور بچوں سمیت 8 زندگیاں نگل گیا

اشتہار

حیرت انگیز

جیکب آباد: صوبہ سندھ کے ضلع جیکب آباد میں قبائلی جھگڑے نے خاتون اور بچوں کو بھی نہ بخشا، فائرنگ کے نتیجے میں آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق جلبانی کٹوہر قبائل کے درمیان عرصہ دراز سے جاری خونریز تصادم آج اس وقت شدد اختیار کرگیا جب باعث جلبانی قبیلے کے مسلح افراد نے اچانک کٹوہر قبیلے کے گاؤں قابل کٹوہر پر دھاوا بولا اور مخالف قبائل پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

شدید فائرنگ کے نتیجے میں کٹوہر قبیلے کے چھ افراد مارے گئے، مارے جانے والوں میں ایک ہی خاندان کے باپ بیٹا، بہو اور تین بچے شامل ہیں۔

- Advertisement -

بعد ازاں کٹوہر قبیلے کے مسلح افراد نے اپنے پیاروں کا بدلہ لینے کیلئے تحصیل گڑھی سے ملحقہ ضلع قمبر شہداد کوٹ کے تھانہ سنجر بھٹی کی حدود میں جلبانی قبیلے کے گاؤ ں پر حملہ کیا اور دو افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا، دو افراد کے قتل کے بعد دونوں قبائل کے جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہوگئی۔واقعے کے بعد پولیس نے مقتولین کی لاشیں تعلقہ اسپتال گڑھی خیرو اور قمبر شہداد کوٹ اسپتال منتقل کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی تاحال نہ کوئی گرفتاری عمل میں آئی اور نہ ہی کوئی مقدمہ درج ہوسکا ہے۔

واضح رہے کہ جلبانی کٹوہر قبائل میں عرصہ دراز سے چلنے والے خونریز تصادم کے باعث اب تک نو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے، آج کے دلخراش واقعے کے بعد قبائلی جھگڑے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد اب 17 ہوگئی ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق دونوں قبائل کے درمیان عرصہ دراز سے جاری جھگڑے کے باعث تھانہ پنہوں بھٹی کا وسیع علاقہ نوگو ایریا بنا ہوا ہے اور کھلے عام مسلح افراد اسلحہ سے لیس ہوکر دندناتے پھرتے ہیں جبکہ پولیس خوف کے باعث ان کے خلاف کارروائی نہیں کرتی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں