مستونگ : بلوچستان میں 8 سالہ بچے کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا، لیویزفورس نے واقعے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ، ملزم بچے کی لاش کو دفن کرنےکی کوشش کررہا تھا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں 8سالہ بچے کو زیادتی کےبعدقتل کردیا گیا، لیویزفورس نےاہل علاقہ کی اطلاع پر فوری کاروائی کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے ، ملزم علاقہ کلی حسنی میں بچے کی لاش کو دفن کرنےکی کوشش کررہا تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ نے لاش پوسٹ مارٹم کیلئےاسپتال منتقل کردی ، بچے کو 10 روز قبل کلی رئیسانی کوئٹہ سے ملزمان نےاغواکیا تھا ، 3 سے 4 ملزمان نے بچے کو پٹیل روڈ پر مکان میں رکھ کر زیادتی کی جبکہ بچے پر تشدد بھی کیا۔
گرفتارملزم نے بیان میں کہا ملزمان نے بچے کو قتل کرکے دفنانے کیلئےلاش مجھےدی، ملزمان نےلاش دفنانے کے بدلے 5ہزار روپے دیے۔
خیال رہے پاکستان میں کم عمر بچیوں اور بچوں کے ساتھ ہونے والی مبینہ زیادتی کے واقعات نے صاحب اولاد افراد کو ایک انجانے خوف میں مبتلا کردیا ہے، تواتر کے ساتھ ہونے والے واقعات کے باعث بچے اور بچیاں ذہنی دباؤ کا شکار ہونے لگے ہیں۔