کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے مزید 82 برآمدی فیکٹریوں کو کام کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران برآمدی یونٹس کھولنے کے لیے کراچی کے 7 صنعتی علاقوں سے فیکٹریوں کے مالکان نے اجازت طلب کی تھی، جس پر محکمہ داخلہ نے مزید 82 برآمدی فیکٹریوں کو جمع کرائی گئی انڈر ٹیکنگ کے تحت کام شروع کرنے کی اجازت دے دی۔
محکمہ داخلہ سندھ نے برآمدی یونٹس کو اجازت دینے کے سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ ان فیکٹریوں کو انڈر ٹیکنگ جمع کرانے پر کام شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ اس سے قبل 69 برآمدی یونٹس کو کام شروع کرنے کی اجازت دے چکا ہے، سندھ حکومت صنعتی علاقوں میں مجموعی طور پر 151 برآمدی یونٹس کو کام شروع کرنے کی اجازت دے چکی ہے۔ خیال رہے کہ فیکٹریوں کو یہ اجازت برآمدی آرڈرز پورے کرنے کے لیے دی گئی ہے، اس دوران تمام فیکٹریز سندھ حکومت کے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کرنے کی پابند ہوں گی۔
کراچی: لاک ڈاؤن ضابطے پر عمل نہ کرنے پر 2 صنعتی یونٹس سیل
کمپنیاں اس بات کی پابند ہوں گی کہ ملازمین کا درجہ حرارت چیک کریں، انھیں ماسک اور سینیٹائزر فراہم کریں اور فیکٹری کی حدود میں سماجی فاصلے کے ضابطے پر عمل کرائیں۔
یاد رہے گزشتہ روز کرونا وائرس ایس او پیز پر عمل نہ کرنے کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے کراچی میں 2 صنعتی یونٹس کو سیل کیا گیا ہے۔