سانحہ 9 الیون امریکا کی پیشگوئی کرنے والے شخص نے دنیا میں جلد ہی ایک اور غیر معمولی واقعہ رونما ہونے کی پیشگوئی کر دی ہے۔
11 ستمبر 2001 کو امریکا میں ٹوئن ٹاور پر حملوں نے دنیا کو بدل کر رکھ دیا۔ اس عالمی سانحے کی ڈیرل انکا نے پیشگوئی کی تھی اور اب انہوں نے جلد ہی دنیا میں ایک اور غیر معمولی واقعہ رونماہونے کی پیشگوئی کر دی ہے۔
ڈیرل انکا جو پیشے کے لحاظ سے ایک مصنف ہیں لیکن ساتھ ہی وہ روحانیت کے شعبے سے بھی وابستہ ہیں اور انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا میں انسانوں کے علاوہ خلائی مخلوق بھی موجود ہے جو آئندہ دو سالوں میں منظر عام پر آ جائے گی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈیرل نے یہ دعویٰ طویل مراقبہ کے بعد اس بات کی تہہ تک پہنچنے پر کیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ دوسرے سیاروں پر رہنے والے انسانوں سے رابطہ قائم کرنے کے لیے آئیں گے اور یہ ثابت کریں گے کہ کائنات میں انسان تنہا نہیں ہے۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 2026 کے آخر یا 2027 کے اوائل تک کچھ ایسا بڑا ہوگا، جس سے لوگوں کو یہ سمجھنے میں مدد ملے گی کہ ہم کائنات میں تنہا نہیں ہیں۔
ڈیرل انکا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ خلائی مخلوق ہمارے سیارے (زمین) کو نقصان نہیں پہنچائے گی، بلکہ یہ اس مصیبت زدہ سیارے کو ٹھیک کرنے کی کوششیں کرے گی۔
واضح رہے کہ خلائی مخلوق کا تصویر قدیم ہے۔ دنیا بھر میں فلموں، ڈراموں میں خلائی مخلوق کو موضوع بنایا جاتا رہا ہے جب کہ لوگوں کی بڑی تعداد اس بات پر یقین بھی رکھتے ہیں کہ خلائی مخلوق کا وجود خیالی نہیں بلکہ حقیقت پر مبنی ہے۔
دوسری جانب مختلف ممالک میں آئے دن خلائی مخلوق کے حوالے سے دعوے بھی سامنے آتے رہتے ہیں، تاہم اب تک کسی مستند طریقے سے خلائی مخلوق کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔