ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

92 سالہ خاتون نے پرائمری اسکول میں داخلہ لے لیا

اشتہار

حیرت انگیز

بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ایک گاؤں چاولی سے تعلق رکھنے والی عمر رسیدہ خاتون نے پرائمری اسکول میں داخلہ لے کر پڑھائی شروع کر دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کا نام سلیمہ خان ہے جنہوں نے اسکول میں داخلہ لے کر سب کو حیران کر دیا۔ وہ پچھلے 6 ماہ سے تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔

سلیمہ خان کو خود پر فکر ہے کہ وہ اس عمر میں تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’میں اپنے نام سے دستخط کر سکتی ہوں اور یہی میرے لیے اہم ہے۔‘

- Advertisement -

پرائمری اسکول کی ہیڈ ماسٹر ڈاکٹر پرتیبھا شرما کا کہنا ہے کہ سلیمہ خان 8 ماہ قبل ہمارے پاس آئی تھیں، انہوں نے ہم سے درخواست کی تھی کہ کلاس میں بیٹھ کر پڑھنے کی اجازت دی جائے۔

ڈاکٹر پرتیبھا شرما نے کہا کہ بڑی عمر کے افراد کو تعلیم دینا ایک مشکل کام ہے لہٰذا ہم شروع میں تھوڑا ہچکچائے، لیکن جب سلیمہ خان میں پڑھنے کا شوق محسوس کیا تو ہمیں انہیں داخلہ دینا پڑا۔

سلیمہ خان ایسی خواتین کیلیے بڑی مثال ہیں جو اپنی زندگی میں کسی بھی وجہ سے تعلیم جاری نہ رکھ سکیں۔

ڈاکٹر پرتیبھا شرما کے مطابق سلیمہ خان کے جوش کو دیکھ کر گاؤں کی دیگر 25 خواتین نے بھی اسکول میں داخلہ لیا، اب ہم نے ان کیلیے ایک الگ سے کلاس شروع کی ہے۔

خیال رہے کہ سلیمہ خان کی شادی 14 سال کی عمر میں ہو گئی تھی جبکہ ان کے گاؤں میں کوئی اسکول بھی نہیں تھا جس کے باعث وہ تعلیم سے محروم رہیں۔

سلیمہ خان نے اپنے خیالات کا اظہار کیا کہ جب مجھے ہیڈ ماسٹر نے کتاب دی تو ہاتھ کانپ رہے تھے کیونکہ مجھے تو قلم تک پکڑنا نہیں آتا تھا۔

سوشل میڈیا پر سلیمہ خان کی کلاس میں بچوں کے ساتھ بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے کی ویڈیو کو کافی پسند کیا جا رہا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں