لندن: لندن کے ایک اسکول نے مسلم طالب علموں پر رمضان میں روزے رکھنے پر پابندی عائد کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشرقی لندن میں ایک پرائمری اسکول نے رمضان کے دوران اپنے اسکول میں زیرِ تعلیم بچوں کے روزے رکھنے پر پابندی عائد کر دی۔
لندن کے لیٹن علاقہ میں واقع بارکلے پرائمری اسکول نے 10جون کو ایک خط کے زریعے والدین کو اس سے آگاہ کیا، خط میں کہا گیا ہے کہ اسلامک قوانین کے مطابق اسلام میں بچوں پر ماہ رمضان کے روزے فرض نہیں ہیں۔
اس میں مزید کہا گیا کہ ماضی میں جو بچے روزہ رکھ کر اسکول آئے وہ بیمار پڑ گئے ، بیہوش ہوگئے یا بیہوشی جیسی حالت ہوگئی، روزہ پورا کرنے کی کوشش کی وجہ سے وہ اسکولی سرگرمیوں میں پوری دلچسپی کے ساتھ حصہ نہ لے سکے۔
مسلم ایسوسی ایشن آف برٹین نے اسکول کے اس فیصلہ کی کڑی تنقید کی اور کہا کہ اس معاملہ میں اسکول کی مداخلت کی کوئی گنجائش نہیں ہے، اسلام میں روزے نہ رکھنے اور اسے توڑنے کے قوانین موجود ہیں اور وہ کافی ہیں، یہ فیصلہ والدین کو کرنا چاہیے کہ ان کے بچے روزے رکھیں گے یا نہیں۔
اسکول ٹرسٹ کے سی ای او جسٹن جیمز نے تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جو والدین اپنے بچوں کو روزہ رکھوانے کے خواہشمند ہیں انہیں اسکول سے رابطہ کرنا چاہیے تاکہ ان کے لیے الگ سے انتظامات کیے جاسکیں۔