لاہور: پنجاب اسمبلی سمیت اہم مقامات پردہشتگردی خطرات کے پیش نظروزارتِ داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو لاہور میں چوکنا رہنے کی ہدایت کردی۔
حساس ادارے نے پنجاب حکومت کو لاہورمیں دہشتگردی کے خطرے سے آگاہ کردیا، حساس ادارے کے مطابق پانچ دہشت گرد پنجاب اسمبلی سمیت اہم سرکاری عمارتوں کونشانہ بناسکتے ہیں۔
لاہورپولیس نے سیکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کرتے ہوئے لاہور کے داخلی راستوں پر بھی اضافی نفری تعینات کرکے سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی اس ممکنہ کاروائی کی منصوبہ بندی جنوبی وزیرستان میں کی گئی ہے۔
وزارت داخلہ کا مراسلہ جاری ہونے کے بعد پولیس نے بادامی باغ، غالب مارکیٹ، چوہنگ، کینٹ، اقبال ٹاون، ریس کورس سمیت مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 70 مشتبہ افراد گرفتارکرلئے۔
دوسری جانب ترجمان تحریک انصاف کے مطابق سکیورٹی خدشات کے باعث عمران خان کی قیادت میں نکالی جانے والی ریلی منسوخ کردی گئی ہے تاہم پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان سیکرٹریٹ میں کارکنان سے خطاب کریں گے۔