لاہور: معروف اداکارہ میرا کو عدالتی تحویل میں لے لیا گیا ہے، عدالت کا کہنا ہے کہ جب تک پچاس ہزارکے مچلکے جمع نہیں کرائیں گی، عدالت سے باہر نہیں جاسکتیں۔
اداکارہ میرا نکاح پر نکاح کے مقدمے میں لاہور کے مقامی عدالت میں پیش ہوئیں، اداکارہ میرا کے خلاف مبینہ خاوند عتیق الرحمان کی درخواست کی سماعت ہوئی، عدالت نے اداکارہ میرا کو پچاس ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
حکم کے مطابق جب تک ضمانتی مچلکے جمع نہیں ہوتے، اداکارہ میرا کمرہ عدالت سے باہر نہیں جاسکتیں ۔
عدالت نے استسفار کیا کہ جب میرا کو علم تھا کہ ان کے خلاف کیس چل رہا ہے تو وہ پیش کیوں نہیں ہوئیں، جس پر میرا کے وکیل نے جواب دیا کہ میرا ملک سے باہر تھیں، واپس آکرعدالت میں پیش ہوگئیں ہیں۔
گزشتہ سماعت میں لاہور کی مقامی عدالت نے اداکارہ میرا کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے پولیس کو حکم دیا کہ سترہ جولائی کو اداکارہ کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔
یاد رہے کہ میرا کے خلاف نکاح پر نکاح میں انکے مبینہ خاوند عتیق الرحمن نے ان کے خلاف دعویٰ کیا تھا، جس میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ اداکارہ نے ان کے ساتھ نکاح کے باوجود ایک اور نکاح نوید نامی شخص سے بھی کر لیا ہے جو قانونی طور پر جرم ہے۔