لاہور : وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین سوچ سمجھ کربات کریں،حکومت ہر سیکٹرپر توجہ دے رہی ہے۔ عوام کوباعزت سواری مہیاکی گئی اسپتال بنائےجارہےہیں، زراعت کی طرف توجہ دی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں خطاب کر تےہوئے کیا۔ وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ لوگوں کوبولنے سے پہلے سوچ لینا چاہیے کہ وہ کیا بات کررہے ہیں،جولوگ یہ اعتراض کرتے ہیں کہ میٹرو بسیں بنائی جارہی ہیں اسکولوں کی تعمیر پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی تو میں ان کو بتادینا چاہتا ہوں کہ ہماری حکومت تعلیم پر بھی یکساں فنڈز خرچ کررہی ہے۔
وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بعض لوگ کہتے ہیں ٹرانسپورٹ نہیں تعلیم چاہیے، تعلیم کی اپنی اہمیت ہے اورٹرانسپورٹ کی اپنی اہمیت ہے، کیا لوگوں کو باعزت سواری نہیں دینی چاہئیے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تعلیم پربہت توجہ دی ہے اور صوبے بھر میں بچوں کے لئے اربوں روپے کے وظائف دیئے گئے ہیں۔
ترقیاتی منصوبوں پر بلاجواز تنقید کا جواب اور ملکی ترقی کی رفتار بڑھا کر دیں گے جبکہ بجلی کی پیداوار کے بیشتر منصوبے 2017 کے آخر تک مکمل کرلئے جائیں گے۔
نواز شریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں نئے پاکستان کی امید دی جارہی تھی لیکن آج تک ٹرانسپورٹ کا کوئی عوامی منصوبہ شروع نہیں کیا گیا، ہماری خواہش ہے کہ میٹرو ٹرین منصوبہ لاہور کی طرح پشاور میں بھی شروع کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں قوم نے 40 روپے فی یونٹ بجلی استعمال کی لیکن بھکی منصوبہ 7 روپے فی یونٹ بجلی پیدا کرے گا جس سے ملک کی معیشت مضبوط ہوگی۔
ان کا کہنا بھاشا اور داسو منصوبوں سے 9 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی، ایل این سے 3 ہزار 600 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی، تھر میں بھی کوئلے سے بجلی کے منصوبوں پر کام ہورہا ہے اور 2017 کے آخر تک بجلی کے بیشتر منصوبے مکمل ہوجائیں گے۔