لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں شکست پر پارٹی رہنماؤں سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں تحریک انصاف کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کا چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سخت نوٹس لیا ہے اور دونوں صوبوں کے آرگنائزرز کو نتائج کے ریکارڈ کے ساتھ طلب کر لیا ہے۔
عمران خان نے رہنماؤں سے ٹکٹوں کی منصفانہ تقسیم کے حوالے سے بھی جائزہ لینے کا کہا ہے اس کے علاوہ عمران خان کو پیش کی جانے والی رپورٹ میں اس بات کا بھی جائزہ لیا جائے گا کہ حکومتی مشینری بلدیاتی الیکشن پر کس حد تک اثر انداز ہوئی ہے۔
تحریک انصاف کے سربراہ نے پارٹی کے صوبائی آرگنائزر کو ہدایت کی ہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 122 میں ووٹر لسٹوں میں ردوبدل اور ووٹوں کی منتقلی کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا جائے۔