دبئی : کل اوپیک کی اہم میٹنگ سے پہلے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت چھ سال کی کم ترین سطح کے قریب ہے۔
تیل برآمد کرنے والے ممالک اس مندی کی وجہ سے زبردست نقصان کا سامنا کررہے ہیں، اس اہم اجلاس میں اوپیک کی جانب سے تیل کی پیداوار کم کئے جانے پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔
مستقبل قریب میں امریکہ کی جانب سے شرح سود میں ممکنہ اضافے کے پیش نظر خام تیل کی قدر میں کمی کا خدشہ موجود ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق مارکیٹ میں دیکھے جانے والا مندی کا یہ رجحان کئی دنوں تک جاری رہ سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس بات کا امکان موجود ہے کہ ان حالات میں تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم کے ارکان اس تجویز پر متفق ہوجائیں.