کراچی: تحریک انصاف اورجماعت اسلامی کے رہنماوٗں نے ایم کیوایم کی پریس کانفرنس کے جواب میں میڈیا سے گفتگو کی جس میں کہا گیا کہ ایم کیو ایم کے پاس پولنگ ایجنٹ بھی نہیں ہیں۔
تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے کراچی میں واقع ادارہ نورالحق میں صحافیوں سے گفتگو کی جس میں کہا گیا کہ ایم کیوایم حیدرآباد اورمیرپورخاص سے بسیں بھرکرپولنگ ایجنٹس لارہی ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کل ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے تحریک انصاف نہیں بلکہ ایم کیوایم بائیکاٹ کرے گی۔
پی ٹی آئی کے رہنما علی زیدی کا کہناتھا کہ متحدہ قومی مومنٹ تذبذب کا شکارہے۔
پریس کانفرنس میں جماعت اسلامی کے رہنما نعیم الرحمن نے اپنا پرانا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ کراچی میں الیکشن کے دوران پولنگ اسٹیشن کے اندربھی رینجرزاہلکارتعینات کئے جائیں۔
کل بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں کراچی، ملتان اور راولپنڈٰی میں پولنگ ہورہی ہے اوراس سلسلے میں کراچی میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ دیر قبل ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹرفاروق ستارنے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےکہا تھا کہ مخالفین بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے میں ناکام رہے ہیں ممکن ہے کہ کل دوپہرتک مخالفین بائیکاٹ کرسکتے ہیں۔