لاہور : قومی ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کےلئے ٹی ٹوئنٹی اورون ڈے اسکواڈ کااعلان کردیا گیا۔ عمر گل جگہ بنانےمیں کامیاب ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق چیف سلیکٹرز نے دورہ نیوزی لینڈ کےلئے ٹی ٹوئنٹی اورون ڈے کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ چیف سلیکٹر ہارون الرشید نے قومی اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو ان کی کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیا جاتا ہے اور کیمپ میں شامل کچھ کھلاڑیوں کو محنت کی ضرورت ہے۔
ٹی ٹوئنٹی اسکواڈسے محمدعرفان اورسہیل تنویرکی چھٹی ہوگئی، جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی نے عمر گل کی واپسی کی راہ ہموارکی۔
اسدشفیق،ظفرگوہراور راحت علی ون ڈے اسکواڈ میں جگہ بنانےمیں کامیاب رہے۔ ٹی ٹوئنٹی سے ڈراپ عرفان ون ڈے اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ جنیدخان جگہ بنانے میں ناکام رہے۔ انجری سے نجات کے بعد عماد وسیم کی بھی دونوں اسکواڈ میں واپسی ہوئی۔ افتخاراحمدبھی پہلی باراسکواڈ کا حصہ بنے۔
ٹی 20 ٹیم کی قیادت شاہد خان آفریدی کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، محمد حفیظ، صہیب مقصود، شعیب ملک، عمر اکمل، افتخار احمد، شاہد آفریدی، عماد وسیم، انور علی، عامر یامین، سرفراز احمد، وہاب ریاض، عمر گل، محمد رضوا، سعد نسیم اور محمد عامر شامل ہیں۔
جبکہ ون ڈے ٹیم میں احمد شہزاد، اظہر علی، محمد حفیظ، شعیب ملک، اسد شفیق، بابر اعظم، صہیب مقصود، ظفر گوہر، عماد وسیم، انور علی، سرفراز احمد، وہاب ریاض، راحت علی، محمد عرفان، محمد رضوان اور محمد عامر کو شامل کیا گیا ہے۔