اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سیاست دانوں نے ملک کو تقسیم کر دیا ہے، اسٹیٹس کو نے پورے نظام کو غلام بنا رکھا ہے۔اس کو توڑنے کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی کے پروگرام پاور پلے میں خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا، عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں بھی دہشت گردوں کا پیچھا کیا جائے۔
نواز شریف کے خلاف 12بڑے کیسز کی فوری تحقیقات ہونی چاہیئے، انہوں نے کہا کہ الیکشن میں بے ضابطگیاں دھاندلی کا دوسرا نام ہے۔ دونوں پارٹیوں کے مفادات ایک ہیں اگر دھاندلی نہ روکی گئی تو عوام کو حکمرانوں کے بچوں کی غلامی بھی کرنا پڑ جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹس کو نے پورے نظام کو غلام بنا رکھا ہے۔ اس کو توڑنے کی ضرورت ہے۔حکمران قرضے لینے کیلئے ٹیکس لگاتے ہیں اور اداروں کی نجکاری کرتے ہیں۔
رائیونڈ عوام کے ٹیکسوں سے چل رہا ہے۔جب چیئرمین نیب مک مکا سے لگائیں گے تو وہ کیسے احتساب کرے گا؟ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دو بڑے عذاب ٹیکس چوری اور کرپشن ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ پنجاب میں تما م منصوبے لاگت سے کئی گناہ زیادہ میں بن رہے ہیں۔ پنجاب میں پبلک اکاونٹس کمیٹی کو فعال نہیں کیا گیا۔ اس کو کام نہیں کرنے دیا جاتا۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ کی رابطہ کمیٹی ایک کٹھ پتلی ہے اس کی الطاف حسین کے سامنے کوئی وقعت نہیں۔جو مصطفیٰ کمال نے کہا ہے وہ ہم 2007سے کہہ رہے ہیں۔ان کی باتوں کو سنجیدگی سے لینا چاہئے۔
سب کو پتہ ہے کہ ایم کیو ایم را سے پیسے لیتی ہے۔ میں چودھری نثار کی بات سے حیران ہوں کہ ان کو اب بھی ثبوت درکار ہیں۔