فلم مالک کی نمائش پر پابندی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردی گئی۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ وجہ بتائے بغیر فلم پر پابندی غیر قانونی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تین ہفتوں تک سنیما گھروں میں چلنے کے بعد وزارت اطلاعات نے حکم نامہ جاری کیا کہ اردو فلم مالک کا سنسر سرٹیفکیٹ واپس لیا جارہا ہے۔ سرکاری حکم کے بعد ملک بھر کے سنیما گھروں پر مالک کی نمائش روک دی گئی۔
پابندی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ وجہ بتائے بغیر فلم پر پابندی غیر قانونی ہے۔ ملک میں کتنی کرپشن ہے یہ سب کو پتہ چلنا چاہیئے۔
اس سے قبل سندھ حکومت نے فلم میں لفظ ’سی ایم‘ پر اعتراض کرتے ہوئے صوبے بھر میں اس کی نمائش پر پابندی عائد کردی تھی۔ اس پابندی کا نوٹیفیکیشن چند گھنٹوں بعد ہی واپس لے لیا گیا اور پابندی اٹھا لی گئی۔
فلم کے ہدایت کار عاشر عظیم نے بتایا کہ سندھ حکومت کے حکم پر فلم میں جہاں جہاں لفظ وزیر اعلیٰ آیا تھا وہاں بیپ لگا دی گئی تھی۔
کل وفاقی حکومت نے فلم مالک کا سنسر سرٹیفکیٹ واپس لیتے ہوئے ملک بھر میں اس کی نمائش روکنے کا حکم دیا تھا۔
دوسری جانب شائقین نے پابندی کو بلا جواز قرار دیتے ہوئے اسے ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔