باغ : پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر سے کرپشن کو ختم کر کے دکھائیں گے،یہاں سب سے زیادہ کرپٹ مافیا بیٹھی ہے، اداروں کو تباہ کرنے والے انہیں ٹھیک نہیں کر سکتے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغ آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کے زیر اہتمام جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے کہا کہ ملک اللہ کے فضل سے تمام معدنی وسائل سے مالا مال ہے، سونا، تیل، گیس کوئلہ کے ذخائر وافر مقدار میں موجود ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ برطانیہ میں غریب شہری کو قانونی سہولیات مفت فراہم کی جاتی ہیں ان کے ادارے میرٹ پر اور قانون کے مطابق چلتے ہیں، کسی پر ظلم نہیں ہو سکتا وہاں کی پولیس میں سیاسی مداخلت نہیں ہوتی۔ جب تک بندہ بے روزگار ہوتا ہے تو اس کو بیروزگاری الاؤنس ملتا ہے۔
، عمران خان نے وزیر اعظم نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موٹر وے اورسڑکیں بنانے سے ملک ترقی نہیں کرتے۔ 27 کلومیٹر کے اورنج ٹرین منصوبے پر 200 ارب روپے لگائے جا رہے ہیں، اگر یہ پیسہ بچوں کی تعلیم اور صحت پر لگایا جاتا تو زیادہ بہتر ہوتا۔
عمران خان نے کہا کہ ہم آزاد کشمیر میں کرپشن ختم کرکے دکھائیں گے ہمارا نیب بیرسٹر سلطان محمود کے رشتہ داروں کو بھی نہیں بخشے گا، احتساب وہ ہوتا ہے جو قانون کے مطابق چلے اور کسی کو نہ چھوڑے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا ماڈل ہے، پروجیکٹ بناؤ مال کماؤ۔ جس ملک کا وزیر اعظم کرپشن میں ملوث ہو وہاں کا کرکٹر میچ فکسنگ کیوں نہیں کرے گا، چور کبھی کسی چور کا احتساب نہیں کر سکتا۔