کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ شہرِ کراچی کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر کے اسے کربلا بنادیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی پاکستان کی ترقی کا انجن ہے اس کو نظر انداز کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی اتحادی جماعتوں کے علاقوں میں قومی فنڈز سے ترقیاتی کاموں کا اعلان کیا جارہا ہے اور جلسوں میں تقاریر کے دوران فرمائشیں کی جارہی ہیں کہ آپ بتائیں فلاں منصوبے کا اعلان کردیا جائے۔
حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے حکومت سے سوال پوچھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری قومی منصوبہ ہے یا پھر لسانی منصوبہ ؟ مسلم لیگ ن کا یہ طرز حکومت جمہوری نہیں بلکہ جہانگیری دربار کی غمازی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے وفاداریوں کو قائم رکھنے اور خریدنے کے لیے ایسا درباری نیلام گھر کھولا ہے جو آج سے پہلے پاکستانی تاریخ میں کبھی نہیں کھولا گیا۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی کو ایک اور ایم نائن منصوبہ اور پاک چین اقتصادی راہداری میں شامل کیا جائے،اگر اسی طرح کراچی کو نظر انداز کیا گیا تو عوام سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہونگے۔