کوئٹہ : پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ہم پر اسٹیبلشمنٹ کی مدد حاصل ہونے کا شبہ کرنے والے تحقیقات کرلیں۔
ایم کیو ایم کے بڑے نام اسٹبلشمنٹ سے ملاقاتیں کرتے ہیں ہم بھی چاہتے تو متحدہ میں رہ کر آلہ کار بن سکتے تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں دوسرے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ وہ وطن پرستی کے پیغام کو نفرتوں کے خاتمے تک گھر گھر پہنچائیں گے، ہم لوگوں ان کے مسائل کو حل کرنے کااختیار دینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری آواز پر لوگ جوق در جوق آرہے ہیں، 2018 کے انتخابات میں پاک سرزمین پارٹی ملک کی قوت بن کر ابھرے گی۔
پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوالات کے جواب میں مصطفی کمال کا لہجہ جارحانہ رہا، انہوں نے 12مئی کے واقعہ اورکراچی میں قتل و غارت گری سے متعلق سوالات کا جواب نہیں دیا۔
پاک سرزمین پارٹی کواسٹیبلشمنٹ کی مدد سے متعلق سوال پر انہوں نے ہر قسم کے تحقیقات کی پیشکش کردی، اس موقع پر مسلم لیگ نواز یوتھ ونگ بلوچستان کے سینئر نائب صدر عبید اللہ اور مختلف قبائل سے تعلق رکھنے والے افراد نے مصطفی کمال کے قافلے میں شمولیت کا اعلان بھی کیا.