کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹریننز کے صدر آصف علی زرداری نے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے قتل اورمتعدد کشمیری رہنمائوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ عالمی برادری بھارتی مظالم کانوٹس لے۔
اپنے جاری ایک بیان میں آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اپنے حق کیلئے احتجاج کرنے والے معصوم شہریوں پربھارتی فورسز کی فائرنگ ایک المیہ ہے، انھیں اس سے شدید دھچکہ لگا۔
سابق صدرپاکستان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں احتجاج اس بات کاآئینہ دار ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کے حقوق غصب کررکھے ہیں، بھارت کواس بات کاادراک ہونا چاہے کہ کشمیری ان کیخلاف کیوں برسرپیکارہیں۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ کشمیرکے مسئلے کاحل کشمیری عوام کی خواہش کے مطابق ہونا چاہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کانوٹس لے۔
واضح رہے کہ حریت رہنما برہان وانی کے قتل کے خلاف مظاہروں پر قابض بھارتی افواج کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں درجنوں مظاہرین شہید جبکہ سینکڑوں زخمی ہیں اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق کرفیو کے نفاذ کے بعد گزشتہ 30 گھنٹوں کے دوران بھارتی افواج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ سے 23بے گناہ مظاہرین قتل جبکہ 300 سے زائد زخمی ہیں۔