ممبئی:بالی ووڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف نے اپنی سالگرہ کے موقع پر سوشل میڈیا کی ویب سائٹ فیس بک پر دھماکے دار انٹری دے دی۔
بالی ووڈ کی باربی ڈول آج اپنی 33 ویں سالگرہ منارہی ہیں اور اس کے موقع پر انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر دھماکے دار انٹری دے دی ہے جہاں اداکارہ کے پیج کو محض ایک ہی دن میں 37 لاکھ سے زائد لوگوں نے لائیک کرلیا ہے۔
سولہ جولائی 1983 کو ہانگ کانگ میں پیدا ہونے والی کترینہ کیف کے والدین برطانوی شہریت کے حامل ہیں تاہم انہوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ چین،جاپان،فرانس،سوئزرلینڈ،برلن،بیلجئیم اور امریکی ریاست ہوائی میں گزارا جس کے بعد وہ مستقل طور پر بھارتی شہر ممبئی منتقل ہوگئیں۔
چودہ برس کی عمرمیں بطور ماڈل اپنے کیرئیر کا آغازکرنے والی کترینہ کیف نے بالی ووڈ میں قدم سال 2003 میں فلم بوم کے ذریعے رکھا جو باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئی تاہم قسمت کی دیوی 2007 میں اُن پر مہربان ہونا شروع ہوئی۔
جب ان کی فلموں نمستے لندن،اپنے،پارٹنر ،ویلکم،ریس،سنگھ از کنگ ،نیویارک،عجب پریم کی گجب کہانی، راج نیتی،زندگی نہ ملے گی دوبارہ ,میرے برادر کی دلہن‘ اور ’بینگ بینگ ‘کو باکس آفس پر بے حد کامیابی حاصل ہوئی جس پراُنہیں کئی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔
آئٹم نمبر شیلا کی جوانی اور چکنی چمیلی سے بالی ووڈ باکس آفس پر تہلکہ مچانے والی باربی ڈول کی سلمان خان کے ساتھ فلم ایک تھا ٹائیگر،شاہ رخ خان کے ساتھ یش راج بینر کی فلم جب تک ہے جان اور عامر خان کے ساتھ دھوم تھری 100 کروڑ سے زائد کابزنس کرنے میں کامیاب رہیں۔
اداکارہ نے اپنے سوشل میڈیا پیج پر اپنے اپارٹمنٹ کے ٹیرس کی ایک خوبصورت ویڈیو بھی شئیر کی ہے جب کہ وہ خود بھی اس وڈیو میں نہایت خوش دکھائی دے رہی ہیں، باربی ڈول کترینہ کیف نے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اس کا حصہ بننے کا ارادہ کرلیا تھا۔
واضح رہے کہ اداکارہ سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر اپنے آفیشل اکاؤنٹس کو ماہر میڈیا مینیجرز اور ڈیجیٹل کمپنیوں کے ذریعے چلائیں گی۔