کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے سینئرڈپٹی کنوینرعامرخان بھی ایم کیوایم کی بھوک ہڑتال میں شامل ہوتے ہوئے ہفتہ کی شب سے تادم مرگ بھوک ہڑتال پربیٹھ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایم کیوایم کی جانب سے تادم مرگ بھوک ہڑتالی کیمپ کے پانچویں روز رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستارنے عامر خان کی بھوک ہڑتال کیمپ میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی اور ان کے جذبے کو سراہا۔
اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے بتایا کہ سینکڑوں کارکنان نے بھوک ہڑتال میں شامل ہونےکے لیے اپنے نام لکھوائیں ہیں اوراگرہم نے انہیں بھوک ہڑتال پربیٹھنے کی اجازت دے دیں تویہاں ہزاروں کی تعداد میں بھوک ہڑتال کارکنان موجود ہوں گے تا ہم ایک وضح کردہ اصول کے بعد ہی کارکنان کو بھوک ہڑتالی کیمپ میں شرکت کی اجازت دیں گے۔
فاروق ستار نے وضاحت دی کہ متحدہ قومی موومنٹ نے ارباب اختیار کی مسلسل بے حسی کے بعد تادم مرگ بھوک ہڑتال کا انتہائی قدم اُٹھایا ہے جس کا بنیادی مقصد ناانصافیوں،جبری طورپرلاپتہ کارکنان کی واپسی،ماورائے عدالت قتل اور بلاجوازچھاپے و گرفتاریوں کے ازالہ کروانا ہے۔
آخر میں ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے عامرخان کوتادم مرگ بھوگ ہڑتالی کیمپ میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ پاکستان سے ظلم کاخاتمہ ہوناچاہئے ورنہ یہ احتجاج ملک کے دیگرحصوں میں جائے گاجہاں عوام ہمارے ساتھ سڑکوں پرہونگے،ریلیاں ہونگی،دھرنے ہونگے، میئر کا مسئلہ ہو یا بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کامسئلہ ہو دنیا کی تاریخ کے بڑے دھرنوں میں سے بڑا دھرنا ہوگا اور آپ دیکھیں گے جوبھی ریلیاں ہوں گی وہ بھی تاریخ کاحصہ ہوں گی۔