کراچی: ایس ای سی پی کے چیئرمین ظفر حجازی نے عوام تک اسلامی مالیاتی خدمات پہنچانے کے حوالے سے مضاربہ کمپنیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے مضاربہ کمپنیوں کو مشورہ دیا کہ پاکستان کے چھوٹے شہروں اور قصبوں میں بینکاری مصنوعات اور خدمات کے بڑے امکانات موجود ہیں لہٰذا مضاربہ کمپنیاں ان علاقوں میں اپنا دائرہ کار بڑھائیں۔
غیر بینکار مالیاتی اداروں اور مضاربہ ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے بات چیت میں چیئرمین ایس ای سی پی نے مشورہ دیا کہ وہ قرض فراہم کرنے والے غیر روایتی شعبہ کی جگہ لینے کے لئے کردار ادا کریں، قرض فراہمی کا غیر روایتی شعبہ صارفین کو بہت زیادہ شرح پر قرض فراہم کرتا ہے جو کمزور طبقے کے بد ترین استحصال کا باعث ہے۔
اس موقع پر ایسوسی ایشن نے مضاربوں کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ، جس میں اس شعبہ کی بڑھوتری، مارکیٹ کی کیپٹلائزیشن اور اس شعبے میں مزید امکانات کا جائزہ لیا گیا اور ساتھ ہی ساتھ مضاربوں کے اسلامی مالیاتی نظام کی ترقی کے لئے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔